برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون کا ایسٹر کے تہوار پر پیغام
ایسٹر ایک ایسا موقع ہے جب ہم عیسائیت کی حقیقی اقدار کی عکاسی کرسکتے ہیں ۔
برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہا:
جیسا کہ ہم سب مل کر عیسوی کیلنڈر میں موجود مقدس ترین تہوار منارہے ہیں، میں آپ سب کو اس موقع پر دلی مبارکباد پیش کرنا چاہوں گا۔
ایسٹر ایک ایسا موقع ہے جب ہم عیسائیت کی حقیقی اقدار : ذمہ داری، صدقہ، رحم دلی، انکساری، معاف کرنا اور محبت کی عکاسی کرسکتے ہیں ۔ ہمیں اپنے عقیدے پر ایمان ہونا چاہیے اور ان اقدار کا دفاع کرنے کے لیے کھڑے ہوتے ہوئے پُراعتماد ہونا چاہیے۔
ہمیں حضرت عیسٰی علیہ السلام کے ان ماننے والوں کو خصوصی طور پر یاد رکھنا چاہیے جو کہ ایسے ممالک میں رہائش پذیر ہیں جہاںوہ ظلم و ستم اور حتّٰی کہ موت کے ڈر کے باعث اپنے عقیدے پر کاربند رہتے ہوئے ان تہوار کو منانے سے قاصر ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ دنیا بھر میں مذہبی آزادی اور رواداری سے متعلق قرارداد کی منظوری کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کررہے ہیں۔
انجیلِ مقدس ہمیں حضرت عیسٰی علیہ السلام کا دیا گیا سنہری اصول یاد دلاتی ہے ، ‘خدا سے محبت اور اپنے پڑوسی سے محبت’۔
عیسائیت سے تعلق رکھنے والے افراد ہر روز لوگوں کی زندگیوں میں خوشگوار تبدیلی لانے کے لیے محنت میں مصروف ِ عمل ہیں۔ ضرورت مندوں کے لیے گرجا گھروں کے دروازے کھلے ہوئے ہیں۔ رضاکار خود سے کم خوش قسمت افراد کی امداد کرنے کے لیے محلّوں میں مصروف ہیں۔ یہ ہے وہ سنہری اصول جو کہ ہر دل میں پنہاں ہے۔ یہ اصول اس ملک کے بہترین مفاد کے لیے ایک عظیم اور مضبوط معاشرے کی تعمیر میں عیسائیت کی جانب سے جاری کوششوں کوسہارا دیتا ہے۔
“ایسٹر عیسائیوں کے لیے ایک اہم موقع ہے۔ ایک مرتبہ پھر میں آپ اور آپ کے اہلِ خانہ کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرنا چاہوں گا۔ ایک خوشیوں سے بھرا ایسٹر آپ سب کو مبارک ہو۔”
Updates to this page
آخری اپ ڈیٹ کردہ 7 April 2015 + show all updates
-
Added translation
-
Added translation