HIV: آپ کے ٹیسٹ کے مثبت نتیجہ کا کیا مطلب ہے
اپ ڈیٹ کردہ 19 May 2022
Applies to England
IV(ہیومن اِمیونوڈیفیشینسی وائرس) کے لیے آپ کے کیے جانے والے حالیہ ٹیسٹوں میں سے ایک کا نتیجہ مثبت تھا۔ یہ معلومات وضاحت کرتی ہیں کہ HIV کیا ہے اور آپ اور آپ کے حمل کے لیے اس کا کیا مطلب ہے؟
HIV ایک وائرس ہے جو خون کے ذریعے منتقل ہوتا ہے، جو جسم کے مدافعتی نظام کو نشانہ بناتا اور اسے کمزور کرتا ہے۔ علاج کے بغیر، HIV میں مبتلا فرد میں سنگین نوعیت کی انفیکشنز اور صحت کی دوسری ایسی پیچیدگیاں پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے جنہیں بصورت دیگر ایک صحت مند مدافعتی نظام روک لیتا یا انہیں ختم کردیتا ہے۔
اگرچہ HIV کا کوئی علاج نہیں، تاہم آج کل دستیاب علاج وائرس کو قابو میں رکھنے کے لیے انتہائی موثر ہے، جو آپ کے مدافعتی نظام کو مضبوط رہنے کے قابل بناتا ہے۔ HIV میں متبلا افراد کی زندگی کا متوقع دورانیہ نارمل دورانیہ کے مساوی ہے۔
1. وجوہات
HIV درج ذیل طریقوں سے منتقل ہوسکتا ہے:
-
غیر محفوظ جنسی تعلق کے ذریعے ایک فرد سے دوسرے فرد تک منتقلی
-
دورانِ حمل، پیدائش کے موقع پر یا دودھ پلانے کے دوران ماں سے بچے میں منتقلی
-
ایک سے زائد افراد میں ایک ہی سرنج استعمال کرنے پر متاثرہ خون کے ذریعے منتقلی
HIV روز مرہ کے تعلق جیسا کہ کھانسنے، بوسہ دینے، غسل خانے، بیت الخلاء، کھانا، کپ یا تولیہ شیئر کرنے سے نہیں پھیلتا۔
2. اپنے بچے کی حفاظت کرنا
ایک ماں دورانِ حمل، پیدائش کے موقع پر یا بچے کو دودھ پِلاتے ہوئے اسے HIV منتقل کرسکتی ہے جس کے نتیجے میں بچے کو HIV ہوجاتی ہے۔ HIV کا ہر ممکن حد تک جلدی علاج شروع کرنا اور دوا کو HIV ٹیم کی ہدایات کے مطابق استعمال کرنے سے HIV کی آپ کے بچے کو منتقلی کے امکانات انتہائی کم ہوجاتے ہیں۔۔جو کہ ہر 1000بچوں میں سے 0.3% یا 3 میں منتقلی ہے۔
3. دورانِ حمل کیا توقع کی جائے
دورانِ حمل آپ کی دیکھ بھال اور معاونت کرنے کے لیے صحت کے پیشہ ورانہ افراد کی ٹیم مِل کر کام کرے گی۔
دورانِ حمل روزانہ کی بنیاد پر استعمال کرنے کے لیے آپ کو دوا تجویز کی جائے گی۔ اینٹی ریٹرووائرل (ریٹرووائرس کے خلاف موثر) دوا آپ کے جسم میں وائرس کی مقدار کم کرے گی اور اس طرح یہ HIV کی آپ کے بچے میں منتقلی کے خطرے کو کم کرتی ہے۔ یہ علاج آپ اور آپ کے بچے کے لیے محفوظ ہے اور اس کے بہت کم مضر اثرات ہیں۔
اگر آپ کا HIV پوری طرح قابو میں ہے اور آپ کا حمل غیر پیچیدہ ہے تو HIV ڈیلیوری (بچے کو جنم دینے) کے حوالے سے آپ کے انتخاب پر اثر انداز نہیں ہوگا۔
بچے کو دودھ پلانے کا عمل اسے HIV کی منتقلی کے خطرے سے دوچار کرتا ہے، چاہے آپ موثر اینٹی ریٹرووائرل دوا استعمال کررہے ہوں۔ اگرچہ خطرہ انتہائی کم سمجھا جاتا ہے، محفوظ ترین آپشن یہی ہے کہ اپنے بچے کو پیدائش کے بعد صرف اور صرف فارمولا دودھ پلائیں۔ بچے کی پیدائش سے قبل HIV ٹیم بچے کو دودھ پلانے کے حوالے سے آپ سے بات کرے گی۔
4. اس کے بعد کیا ہوگا
اگر آپ کو مقامی HIV ٹیم کی طرف ریفر نہیں کیا گیا تو آپ کی سکریننگ ٹیم (ٹیسٹ کرنے والی ٹیم) آپ کو اس ٹیم کی طرف ریفر کرے گی۔ خون کے مزید ٹیسٹ اور صحت کے معائنہ جات کیے جائیں گے جس کے بعد آپ کو علاج شروع کرنے کا مشورہ دیا جائے گا۔
جب آپ اس کے لیے تیار ہوں گے توٹیم آپ کی تشخیص کے بارے میں اپنے شریک حیات اور فیملی سے بات کرنے اور اگر ضروری ہوا تو ان کے ٹیسٹ کرنے کا بندوبست کرنے کے لیے معاونت فراہم کرے گی۔
ضروری ہے کہ آپ دورانِ حمل تمام اپوائنٹمنٹس میں تشریف لائیں تاکہ آپ کے صحت مند رہنے کو یقینی بنایا جائے اور آپ سے آپ کے بچے کو وائرس کی منتقلی کے خطرے کو ہر ممکن حد تک کم سے کم رکھا جائے۔ حمل کے بعد آپ کو اپنی HIV ٹیم سے ملاقاتیں اور دوا کا استعمال جاری رکھنا ہوگا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آپ نے مستقبل کے لیے ایک صحت مند مدافعتی نظام برقرار رکھا ہوا ہے۔
5. کسے جاننے کی ضرورت ہے کہ آپ HIV میں مبتلا ہیں
ضروی ہے کہ صحت کے پیشہ ورانہ افراد جو آپ اور آپ کے بچے کی نگہداشت کررہے ہیں انہیں آپ کے HIV میں مبتلا ہونے کے بارے میں معلوم ہو تاکہ آپ دونوں ایک محفوظ اور موثر علاج حاصل کریں۔
6. رازداری
NHS سکریننگ پروگرام آپ کو صحیح وقت پر ٹیسٹ کے لیے مدعو کرنے کی غرض سے ذاتی معلومات آپ کے NHS ریکارڈز سے استعمال کرتا ہے۔ آپ کی معلومات کو اس بات کو یقینی بنانے کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے کہ آپ کو اعلیٰ معیار کی نگہداشت فراہم کی جائے اور سکریننگ پروگراموں میں بہتری لائی جائے۔ اس بار میں مزید جانیئے /آپ کی معلومات کس طرح استعمال اور محفوظ کی جاتی ہیں، اور آپ کے اختیارات.
7. مزید معلومات
آپ HIV کے بارے میں مزید معلومات درج ذیل ذرائع سے حاصل کرسکتے ہیں:
اگر آپ کے کوئی اور سوالات یا خدشات ہیں تو برائے مہربانی اپنی سکریننگ ٹیم یا دایہ سے بات کریں۔