سال نو2017ء: وزیراعظم کا پیغام مبارکباد
ٹریزا مےنے سب کے لئے ایک پرامن، خوشحال اورپرمسرت نئے سال کی تمنا کا اظہار کیا ہے.
وزیراعظم کا سال نوپیغام ملاحظہ کیجئے.
وزیراعظم ٹریزا مے نے کہا ہے:
نیا سال گزرے ہوئے سال کے تجزئیے اور آنے والے مواقع کی طرف نظر کرنے کا وقت ہے۔ اس سال جیسا کہ میں سمجھتی ہوں اورمجھے یقین ہے کہ2017ء میں مواقع ہمیشہ سے زیادہ زبردست ہوں گے۔ کیونکہ ہم نے ایک اہم فیصلہ کیاہے۔ اور اورایک نئی سمت کی طرف رخ کرلیا ہے اگر 2016ء وہ سال تھا جس میں آپ نے اس کے حق میں ووٹ دیا تھا تو یہ سال اس پرعمل درآمد کا ہے.
میں جانتی ہوں کہ گزشتہ جون کا ریفرنڈم کبھی کبھی تقسیم کا سبب بھی بنا ۔ بے شک تمام لوگ ایک نظرئیے پرمتفق نہیں ہوتے۔ لیکن میں یہ بھی جانتی ہوں کہ جب ہم آنے والے مواقع سے فائدہ اٹھارہے ہوں گے تو ہمارے مشترکہ مفادات اورعزائم ہمیں ایک دوسرے کے قریب لا سکتے ہیں.
ہم سب چاہتے ہیں کہ برطانیہ آج کی نسبت زیادہ طاقتورہو۔ ہم سب ملک کو ایسا دیکھنا چاہتے ہیں جہاں عدل ہو تاکہ ہرایک کو کامیابی کا موقع ملے۔ ہم سب ایک ایسی قوم چاہتے ہیں جوہمارے بچوں اوران کے بچوں کے لئے محفوظ اورمستحکم ہو۔ یہ عزائم ہمیں متحد کرتے ہیں اور ہم 52 فیصد’ چھوڑنے’ اور 48 فی صد ‘جڑے رہنے’ میں تقسیم نہیں رہتے، بلکہ عوام کی ایک عظیم یونین اورقوم بن جاتے ہیں جس کی قابل فخرتاریخ اورروشن مستقبل ہے.
جب میں یورپ میں اس سال مذاکرات کی میز پر بیٹھوں گی تویہی بات میرے ذہن میں رہے گی کہ میں یہاں ایسی ڈیل کے لئے آئی ہوں، جوصرف ان کے لئے نہیں جنہوں نے چھوڑنے کے لئے ووٹ دیا بلکہ ہمارے ملک کے ہر فرد کے لئے درست ہوگی .
بلاشبہ ریفرنڈم نے ہمارے ملک میں مزید کئی تقسیموں کو آشکارا کردیا- وہ جو ترقی کررہے ہیں اوروہ جو نہیں کرپارہے، جو آسانی سے اپنا گھرخرید سکتے ہیں ، اپنے بچوں کوزبردست اسکول میں پڑھا سکتے ہیں، ایک مستقل ملازمت کررہے ہوں اور وہ جو ایسا نہیں کرسکتے، مختصرا یہ کہ وہ لوگ جن کے لئے ہمارا ملک بہت اچھا کررہا ہے اور وہ جن کے لئے ایسا نہیں ہورہا.
اس سال ہمیں ان رکاوٹوں کو دورکرنا ہے جو لوگوں کو پیچھے روکے رکھتے ہیں، ملک میں عام محنت کش آدمی کے لئے درست معاملت طے کرنا ہے۔ نتیجہ ایک حقیقی متحد برطانیہ ہوگا جس میں اس عظیم ملک کی شہریت میں ہم سب ایک ہونگے، ان مواقع میں یکجا ہوں گے جو ہمارے عوام کے لئے کھلے ہیں اوراس اصول کے ذریعے متحد ہوں گے کہ صرف آپ کی صلاحیت اورسخت محنت آپ کے مستقبل کا تعین کرسکتی ہے.
بہرکیف یہ اتحاد ہی ہے جس کے ذریعے ہمارے عوام عظیم کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں، ہماری قوموں انگلستان، اسکاٹ لینڈ، ویلز اورشمالی آئرلینڈ کی یونین کے ذریعے، ہمارے عوام کی یونین سے، کھیلوں کی ٹیم سے مسلح افواج ، کاروباروں سے لے کر فلاحی اداروں، اسکول سے اسپتال اورسب سے بڑھ کرہماری کمیونٹیز اورخاندانوں کے اتحادکےذریعے.
بلاشبہ کوئی بھی سال صرف بڑے عالمی واقعات سے عبارت نہیں ہوتا، یہ ذاتی واقعات ہوتے ہیں۔ 2017ء میں ہوسکتا ہے آپ پہلی ملازمت شروع کریں یا پہلا گھر خریدیں۔ ہوسکتا ہے اس سال آپ کے بچے اسکول کا آغاز کریں یا یونیورسٹی میں داخلہ لیں یا آپ زندگی بھرمحنت کے بعد ریٹائرہوجائیں۔۔ یہ تمام باتیں، زندگی کے سنگ میل ۔ ہم خواہ کوئی بھی ہوں، ہمیں جوڑے رکھتی ہیں.
جیسا کہ ہماری معرکتہ الارارکن پارلیمنٹ جو کاکس نے جو گزشتہ برس ہم سے افسوسناک طریقے سے جدا کردی گئیں، کہا تھا: ہم اس سے زیادہ متحد ہیں اورہمارے پاس اس سے کہیں زیادہ مشترکہ باتیں ہیں ان کی نسبت جو ہمیں تقسیم کرتی ہیں .
ہمارے پاس اس کے مظاہرے کے لئے ایک سنہراموقع ہے کہ ہم اس ملک کو ایسے متحد کریں جیسے کبھی نہ ہوا ہو، تو خواہ آپ کوئی بھی ہوں، کہیں بھی رہتے ہوں، ہماری سیاست، معیشت اورمعاشرہ آپ کے لئے کام کرےنہ کہ صرف چند مراعات یافتہ لوگوں کے لئے.
تو جب ہم مواقع اوراتحاد سےبھرےاگلے سال کی طرف نگاہ کئے ہوئے ہیں تو میری جانب سے آپ کو اورآپ کے اہل خانہ کو ایک پرامن، خوشحال اورپرمسرت نئے سال کی مبارکباد قبول ہو.